اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی فلسطینی 26 سال بعد شہید
بدھ-8-نومبر-2017
قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں سنہ 1991ء میں زخمی ہونے والا ایک فلسطینی شہری مسلسل چھبیس سال موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد گذشتہ روز دم توڑ گیا۔مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ رشاد القواسمی کو سنہ 1991ء میں اسرائیلی فوجیوں نے گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اس کے بعد اس کے جسم کا نچلا حصہ مفلوج ہوگیا تھا۔رشاد القواسمی کا تعلق غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے میں قائم جبالیا پناہ گزین کیمپ سے تھا۔ وہ پہلی تحریک انتفاضہ کے دوران زخمی ہوا اور مسلسل اڑھائی عشرے تک موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔خیال رہے کہ پہلی انتفاضہ کے دوران اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی زخمی اور معذور ہوگئے تھے۔ ان میں سے بعض ہمیشہ کے لیے اپاہج ہوگئے۔ زخمی ہونےوالے فلسطینیوں میں سے کئی سال تک بعض زندہ رہے مگر جاں بر نہ ہوسکے اور جام شہادت نوش کرگئے القواسمی بھی انہی میں سے ایک ہے۔