اسرائیلی انٹیلی جنس کے وزیر ایلی کوھین نے کہا ہے کہ سوڈان اور اسرائیل کے درمیان روابط تیزی کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان جلد ہی باہمی تعلقات کے قیام کا اعلان کیا جائے گا۔
اسرائیلی وزیر کی طرف سے یہ انکشاف ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب دوسری طرف بدھ کے روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اسرائیل کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد حال ہی میں سوڈان کے دورے پر خرطوم پہنچا ہے۔
عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل ’13’ سے بات کرتے ہوئے ایلی کوھین نے کہا کہ سوڈان کے ساتھ سفارتی تعلقات کا قیام جلد ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے دونوں ملکوںکے درمیان اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
درایںاثنا اسرائیل کے علاقائی تعاون کے وزیر اویر اکونیس نے سرکاری ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا جلد ہی سوڈان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کےقیام کا بھی اعلان کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل سوڈان اوراسرائیل کو تسلیم کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہوگا۔
ادھر اسرائیل میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ مین نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عرب لیگ کے مزید کئی رکن ممالک اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں ان ممالک کا نام لینے کی ضرورت نہیں۔ آپ انتظار کریں۔ کئی عرب ممالک جلد ہی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے۔
گذشتہ روز اسرائیلی ریڈیو نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد حال ہی میں خرطوم کے دورے پر گیا جہاں اس نے 7 گھنٹے تک قیام کیا اور سوڈانی حکام کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق امور پر بات چیت کی۔