گذشتہ روز اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سیاسی شعبے کے ارکان پر مشتمل ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے روس کے دورے کے دوران ماسکومیں روسی حکام سے ملاقات کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق روسی حکام کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں فلسطین میں عام انتخابات کی تیاریوں اور فلسطینی قوتوں میں مصالحت پر بات چیت کی گئی۔
روس کے دورے پر ماسکو پہنچنے والے حماس کے وفد میں جماعت کے سیاسی شعبے کے ارکان موسیٰ ابو مرزوق، زاہد جبارین اور روس میں حماس کے مندوب شامل ہیں۔
جمعرات کے روز ماسکو میں حماس کے وفد نے روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف اور مشرق وسطیٰ کے لیے روسی وزارت خارجہ کے عہدیدار الکسی سکویروف سے ملاقات کی۔
اس موقعے پر حماس کی قیادت نے روسی حکام کو فلسطین کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔ انہوںنے کہا کہ حماس فلسطین میں رواں سال ہونے والے انتخابات میں بھرپور طریقے سے شرکت کرے گی۔ ملاقات میں روسی حکام نے فلسطینیوں کی صفوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ماسکو فلسطین میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں معاونت کے لیے تیار ہے۔