فلسطینی دھڑوں کے درمیان کل سوموار کے روز مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں مصالحتی مذاکرات کا پہلا دور اختتام پذیر ہوگیا۔ اس موقعے پر تمام فلسطینی گروپوں کی قیادت میں خوش گوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔
خبر رساں ادارے ‘صفا’ کے مطابق کل سوموار کے روز ہونے والے مذاکرات میں فلسطینی دھڑوں نے قومی مفاہمت اور فلسطین میں انتخابات کے امور پر بات چیت کی۔
با خبر ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات مثبت ماحول میں ہوئے۔ مذاکرات کا یہ پہلا دور تھا جو کل ختم ہوگیا۔ مزید بات چیت اگلے دور میں ہوگی۔
فلسطینی دھڑوں میں ہونے والے مصالحتی مذاکرات میں مصری انٹیلی جنس چیف عباس کامل نے بھی شرکت کی۔ اس موقعے پر 14 فلسطینی جماعتوں کی قیادت اور آزاد شخصیات شریک ہوئیں۔
الجزیرہ ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ فلسطینی دھڑوں میں ہونے والے مذاکرات میں فلسطین میں انتخابات، تنظیم آزادی فلسطین کی قیادت میں تنظیم اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ مذاکرات کا اگلا دور آج منگل کو دوبارہ شروع ہوگا۔ فلسطینی دھڑوں نے گذشتہ روز قاہرہ میں مصالحتی مذاکرات میں غزہ کی پٹی میں بڑھتے انسانی بحران، رفح گذرگاہ کو کھولنے جانے اور غزہ کے لاکھوں شہریوں کو سہولیات کی فراہمی پر بات چیت کی گئی۔
قاہرہ میں مصالحتی مذاکرات سے قبل حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ان کی جماعت فلسطینی قوتوں میں مفاہمت اور مصالحت کے لیے کھلے پن ، فراخ دلی اور لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات میں شرکت کرے گی۔