قابض صہیونی فوج نے کل بدھ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں طورہ کے مقام پر ایک فلسطینی شہری کا مکان مسمار کر ڈالا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ کے روز اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے اسیر محمد قبھا کے مکان کا محاصرہ کیا اور اس کے بعد بھاری مشینری کی مدد سے مکان مسمار کر ڈالا۔
خیال رہے کہ اسیر محمد قبھا نے گذشتہ برس دسمبر میں اسیر کمال ابو وعر کو شہید کیے جانے کا انتقام لیتے ہوئے ایک یہودی آباد کو قتل کردیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے محمد قبھا کو گرفتار کیا اور اس کے خلاف مقدمہ چلانے کے ساتھ ساتھ اس کا مکان بھی مسمارکرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
قبھا کے اہل خانہ نے مکان مسماری کا اسرائیلی فیصلہ اسرائیلی سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس کے بعد اسرائیلی عدالت نے مکان کی بالائی منزل مسمار کرنے کی اجازت دی تھی۔ 180 مربع میٹر کے مکان میں محمد قبھا کے چار بچے اور اس کے والدین رہائش پذیر ہیں۔