جمعه 15/نوامبر/2024

حماس کا ‘القدس ہماری منزل ہے’ کے ساتھ انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان

منگل 30-مارچ-2021

اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے فلسطینی الیکشن کمیشن کو اپنے انتخابی امیدواروں کی فہرست فراہم کردی ہے۔حماس نے سال 2021ء کے پارلیمانی انتخابات میں ‘القدس ہماری منزل ہے’ کے نعرے کے ساتھ حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن خلیل الحیہ نے غزہ میں فلسطینی الیکشن کمیشن میں جماعت کے انتخابی امیدواروں کی فہرست جمع کرائی۔ اس فہرست میں غزہ کی پٹی اور غرب اردن میں پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے والے جماعت کے امیدواروں کے نام شامل ہیں۔

اس موقعے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے حماس رہ نما خلیل الحیہ نے کہا کہ ہم نے ‘القدس ہماری منزل ہے’کے  نعرے کے ساتھ اپنی انتخابی فہرست الیکشن کمیشن میں جمع کرائی ہے۔ انتخابی گوشواروں میں‌ حماس کو دسواں نمبر ملا ہے۔

انہوں‌ نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ہمارے امیدوار القدس کو مرکزی عنوان کے طور پر پیش کریں گے۔ ہمارے انتخابی امیدواروں میں ماہرین، دانشور، اسرائیلی دشمن کی جیلوں‌میں قید کاٹنے والے رہ نما شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے منظوری کے بعد فہرست کو عوام کے سامنے پیش کیا جائےگا۔

خلیل الحیہ کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ فلسطین میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات فلسطینی دھڑوں میں پائے جانے والے اختلافات دور کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

 

مختصر لنک:

کاپی