کل بدھ کے روز ممتاز فلسطینی عالم دین سابق اسیر الشیخ حسین خلیل العواودہ 61 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے رہ نما اور سابق اسیر ہیں اور فلسطین علما کونسل کے رکن رہے ہیں۔
اکسٹھ سالہ العوادہ فلسطینی علما کونسل کے رکن اور سنہ 1993ء میں فلسطین سے بے دخل ہونے والے رہ نمائوں میںشامل ہیں۔ وہ کچھ عرصہ قبل ترکی میں کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
الشیخ حسین خلیل العوادہ کئی سال تک اسرائیلی زندانوں میں قید رہے۔ گرفتاری کے بعد انہیں 22 روز تک قید تنہائی میں رکھا گیا جس کے نتیجے میں وہ بینائی کھو بیٹھے تھے۔
فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن فتحی القرعاوی نے الشیخ عوادہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی دعوت وتبلیغ کے میدان اور جہاد فی سبیل اللہ میں انہوں نے نمایاں خدمات انجام دی تھیں۔