اردن نے امریکا کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے جس میں امریکی حکومت نے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود اور کفالت کے ذمہ دار ادارے ‘اونروا’ کے فنڈز کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی حکومت کا فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد کی بحالی کا اعلان قابل تحسین ہے۔ امریکی فنڈز کی بحالی سے فلسطینی پناہ گزینوں کو درپیش مشکلات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
ایمن الصفدی کا کہنا تھا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت کی ذمہ دار ایجنسی’اونروا’ کو فنڈز کی قلت کا سامنا ہے۔ امریکا کی جانب سے امداد کی بحالی کے نتیجے میں فلسطینی پناہ گزینوں کو تعلیم، صحت، سروسز اور خوراک جیسے اہم امور میں مدد ملے گی اور مختلف ملکوں میں پھیلے 50 لاکھ فلسطینیوں کی مشکلات کم ہوں گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی حکومت نے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے ذمہ دار ادارے ‘اونروا’کی مالی امداد بحال کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر فلسطینیوںکی طرف سے بھی خیر مقدم کیا گیا ہے۔