چهارشنبه 30/آوریل/2025

بیلا روس کا حماس پر طیارے میں بم رکھنے کا بھونڈا الزام

جمعرات 27-مئی-2021

اسلامی تحریک مزاحمت’ حماس’ نے بیلا روس کی طرف سے ‘حماس’ پر ہوائی جہاز میں بم رکھنے کا ڈرامہ رچانے اور اپوزیشن کے حامی صحافی کو اغوا کرنے کے لیے ہوائی جہاز کا رخ موڑنے کے لیے ‘حماس’ کو ڈھال کے طورپر استعمال کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے کہا ہے کہ حماس کا یونا سے آنے والے ہوائی جہاز میں بم رکھنے کا الزام محض جھوٹ اور فراڈ ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیلا روس کی وزارت ٹرانسپورٹ کی طرف سے حماس کو طیارے میں بم  رکھنے سے متعلق بیان جھوٹ  اور بے بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس کی جنگ روز اول سے قابض اسرائیلی دشمن کے ساتھ ہے۔ حماس کی کسی اور ملک یا طاقت کے ساتھ کوئی مخاصمت نہیں۔

خیال رہے کہ بیلا روس نے دو روز قبل یونان سے یورپ جانے والی ایک پروازکو اپنی فضائی حدود میں پہنچنے کے بعد دارالحکومت منسک میں زبردستی اتار لیا تھا۔ ہوائی جہاز میں موجود ایک صحافی کو گرفتار کرنے کے بعد ہوائی جہاز کو چھوڑ دیا گیا۔
امریکا اور یورپی یونین نے بیلا روس کے اس اقدام کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

بیلا روس نے دعویٰ‌کیا تھا کہ یونانی ہوائی جہاز کو طیارےمیں ‘حماس’ کی طرف سے بم رکھنے کے شبے میں اتارا گیا تھا۔

 

مختصر لنک:

کاپی