اسرائیل کی ایک مقامی عدالت نے مقبوضہ بیت المقدس میں بطن الھویٰ کے مقام پر 7 فلسطینی خاندانوں کی جبری بے دخلی کا فیصلہ کچھ عرصے کے لیے ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔ خیال رہے کہ بطن الھویٰ کالونی مسجد اقصیٰ سے متصل جنوبی سلوان ٹاؤن میں واقع ہے۔
بطن الھویٰ سے فلسطینی شہریوں کی بے دخلی ملتوی کرنے کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دو روز قبل متاثرہ خاندانوں، دیگر شہریوں اور سماجی کارکنوں نے جبری بے دخلی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کو عدالت کے باہر جمع ہونے سے روک دیا تھا۔
عدالت نے کل جمعہ کے روز فلسطینیوں کی طرف سے بے دخلی کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری اور ان کی بے دخلی روکنے کا حکم دیا ہے۔