کل اتوار کو یہودی آباد کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں غیرمسبوق ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا۔ یہودی آباد کاروں نے اسرائیل کی نئی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غرب اردن کے سیکٹر’سی‘ پر مکمل قبضہ کرے۔ یہ سیکٹر مغربی کنارے کی کل اراضی کے60 فی صد رقبے پرمشتمل ہے۔
عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل 7 کے مطابق غرب اردن کے شمالی اور جنوبی شہروں میں اتوار کے روز 14 مقامات پر سیکٹر’سی‘ پر قبضے کے مطالبے کے لیے ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔
ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان ریلیوں اور مظاہروں کا مقصد اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ اور ان کی حکومت سے سیکٹر سی میں بڑے پیمانے پر تعمیرات شروع کرنے اور فلسطینیوں کو وہاں سے بے دخل کرنے پر دبائو ڈالنا ہے۔
مقامی فلسطینیوں کے مطابق غرب اردن میں یہودی آباد کاروں کے یہ غیرمسبوق مظاہرے ہیں۔ یہودی آباد کاروں کی ان ریلیوں کو قابض فوج کی طرف سے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی۔