امریکی کانگریس کے دسیوں ارکان اور سینیر امریکی سیاست دانوں نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے لیے نام نہاد امن منصوبے ’سنچری ڈیل‘ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کانگریس کے 73 ارکان کے صدر جوبائیڈن کو مکتوب ارسال کیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ باضابطہ طورپر سنچری ڈیل منصوبے کو کالعدم قرار دینے کا اعلان کریں۔
یہ مکتوب رکن کانگریس بیٹی ماکلوم نے وائٹ ہاؤس تک پہنچایا ہے۔ منگل کو صدر جوبائیڈن کو بھیجے مکتوب میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کے لیے سابق صدر جوبائیڈن کی پالیسیوں کو تسلسل دینے کے بجائے تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے اقدامات کریں اور صدر ٹرمپ کے پیش کردہ نام نہاد صدی کی ڈیل منصوبے کو ختم کریں۔
امریکی کانگریس کے درجنوں ارکان نے صدر جوبائیڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کے لیے قونصل خانے کو جلد از جلد بحال کریں اور سنچری ڈیل کے ٹرمپ کے منصوبے کوختم کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں دیر پا امن کی مساعی کوآگے بڑھانے کے اقدامات کریں۔