کل نو ذی الحج کو مسلم امہ کے سب سے بڑے اجتماع اور رکن اعظم کی ادائی کے موقعے پر سعودی مبلغ نے جو خطبہ حج پیش کیا اس میں عالم اسلام اور مسلم امہ کے بنیادی مسائل کو صریحا نظرانداز کیا گیا۔
خطبہ حج میں الشیخ بندر بلیلہ نے اسلامی شریعت میں احسان، خونی رشتوں کے تقدس، ملک کے استحکام، فتنہ و فساد سے بچنے، فساد فی الارض اور دہشت گردی جیسے موضوعات پر بات کی۔
مسجد نمرہ میں ظہرین کی ادائی سے قبل خطبہ دیتے ہوئے الشیخ بلیلہ نے کہا کہ مسلمانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ احسان کا برتاؤ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان بھائی کو ایذا پہنچا حرام ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے سوتے خشک کرنے اور فساد فی الارض سے بچنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ زمین میں فساد پھیلانے والوں کی اللہ نے مذمت کی ہے اور ان کی نسل اور کھیتی سب کو تباہ کرنے کی تنبیہ کی ہے۔
خطبہ حج میں سعودی عالم دین نے سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی تحسین کی اور حجاج کرام کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔