اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے کہا ہےکہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں قائم کی گئی یہودی کالونیاں ختم نہیں کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سنہ 1967ء کی جنگ میں قبضے میں لیے گئے علاقوں میں قائم کی گئی بستیوں کو ختم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سنہ 1967ء کے علاقوں پرمشتمل فلسطینی ریاست کےقیام کے خواب نہ دیکھیں۔
بینی گینٹزنے ’فارن پالیسی میگزین‘ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اسرائیل غرب اردن میں کوئی یہودی بستی ختم نہیں کرے گا تاہم انہوں نے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں طویل البنیاد سیاسی نظام قائم کیے جاسکتے ہیں۔
قبل ازیں بینی گینٹز نے گذشتہ ماہ فلسطینی صدر محمود عباس سے رام اللہ میں ملاقات کی تھی۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان طویل عرصے کے بعد طویل ملاقات ہوئی ہے۔