اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے کہا ہے کہ قابض اسرائیلی دشمن فلسطینی قوم کی شناخت اور ان کا تشخص مٹانے کی سازش کررہا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے کہا ہے کہ قابض اسرائیل فلسطینی قوم کا کلچر، تشخص ، ثقافت، تہذیب، تاریخ اور اقدار کو مٹانے کی منظم سازش کررہا ہے۔
قابض دشمن ایک سوچے سمجھے منصوبے کےتحت فلسطینی قوم کے وسائل، زمین اور آثار قدیمہ کی لوٹ مار کرتے ہوئے اپنی جعلی، من گھڑت اور دھوکے سے تیار کی گئی تاریخ مسلط کرنے کی سازش میں مصروف ہے۔
فلسطینی ثقافت کے عالمی دن کےموقعے پرایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کو قابض صہیونی دشمن کی ایسی منظم پالیسیوں کا سامنا ہے جن میں فلسطینی قوم کے حقوق اور ثقافت کو کھلے عام پامال کیا جا رہا ہے۔
حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے کہا کہ فلسطینی کلچر کے وجود کو حقیقی خطرے کا سامنا ہے۔ ارض فلسطین، فلسطینی مقدسات اور فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق کی پامالیوں کی منظم سازشوں کےخلاف فلسطینی قوم پوری استقامت اور ثاب قدمی کے ساتھ کھڑی ہے۔