الجزائری باشندوں کے پیرس میں 1961 کو ہونے والے قتل عام کے 60 برس پورے ہونے کے موقع پر فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں نے ان واقعات کو ’ناقابل معافی‘ جرائم قرار دیا۔
صدارتی رہائش گاہ ایلیزے پیلس کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق صدر ماکروں نے کہا کہ فرانسیسی جمہوریہ کے لیے یہ جرائم ’ناقابل معافی‘ ہیں۔ ماکروں ایسے پہلے ملکی صدر ہیں، جنہوں نے پیرس کے نواح میں کولمبس نامی صنعتی شہر میں اس حوالے سے منعقدہ ایک یادگاری تقریب میں حصہ بھی لیا۔
17 اکتوبر 1961ء کو پیرس میں الجزائر سے تعلق رکھنے والے باشندوں کی بڑی تعداد نے فرانسیسی نو آبادیاتی حکمرانی کے خاتمے اور الجزائر کی آزادی کے حق میں مظاہرے کیے تھے۔ ان مظاہرین کے خلاف پولیس کریک ڈاؤن میں ہلاکتوں کی تعداد مؤرخیں کے مطابق سینکڑوں میں رہی تھی۔