کل ہفتے کی شام کو اسرائیلی ہیلی کاپٹروں اور جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے مغرب میں فلسطینی مزاحمتی مراکز پر بمباری کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق خان یونس میں بمباری کی آوازیں سنی گئیں۔ نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ کی پٹی میں قادسیہ سائٹ کو تقریبا10 میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ تاہم اس بمباری میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
رپورٹر نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی جنگی طیارے وقفے وقفے سے غزہ کی پٹی میں بعض اہداف پر بمباری کرتے رہتے ہیں۔
فلسطینی مقامی ذرائع نے بتایا کہ مزاحمت کاروں کی طیارہ شکن توپوں نے غزہ کی پٹی پرجنگی طیاروں پر فائرنگ کی۔
دریں اثناء اسرائیلی فوج کے طیاروں کی غزہ کی پٹی پر نچلی جاری رکھی ہوئی ہیں۔
اسرائیلی ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ فضائیہ نے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے مغرب میں فلسطینی دھڑوں کے ایک مقام پر بمباری کی۔
عبرانی چینل ’’کے اے این” نے اطلاع دی ہے کہ فضائیہ نے تل ابیب کے ساحل پر راکٹ داغے جانے کے جواب میں غزہ کی پٹی میں اہداف پر بمباری کی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک پریس بیان میں کہا کہ حال ہی میں جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے حماس کے راکٹ کمپلیکس کے متعدد اہداف پر بمباری کی اور ٹینکوں نے غزہ کی پٹی کی سرحدوں پر حماس کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔