جمعہ کو قابض اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ وہ لبنان سے اڑان بھرنے والے اور اسرائیل کے شمال میں فضائی حدود میں داخل ہونے والے ڈرون کو روکنے میں "ناکام ” رہی ہے۔
قابض فوج کے ایک ترجمان نے ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا ابتدائی تحقیقات سے یہ پتہ چلا ہے کہ لبنان کے اندرسے ایک چھوٹا وائرلیس ڈرون چھوڑا گیا جو اسرائیلی سرزمین کی طرف پرواز کر رہا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کے بعد نگرانی کے نظام کے ذریعے اس کی پیروی کرنے کے بعد ہیلی کاپٹروں اور جنگی طیاروں کو طلب کیا گیا۔ اس کے علاوہ آئرن ڈوم (ایئر ڈیفنس سسٹم) سے انٹرسیپشن میزائل داغے گئے مگر اسے روکا نہیں جاسکا۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ چھوٹا ڈرون چند منٹ بعد لبنان واپس چلا گیا۔
فوج کے ترجمان نے آج ایک سابقہ ٹویٹ میں کہا تھا کہ کچھ دیر پہلے ایک چھوٹا وائرلیس طیارہ اسرائیلی فضائی حدود میں گھس آیا جہاں وارننگ اور انٹرسیپشن سسٹم کو فعال کردیا گیا اور کئی منٹوں کے بعد اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔