مصر نے آئندہ ماہ مشرق وسطی کے حوالے سے مجوزہ امن کانفرنس کے شرم الشیخ میں انعقاد کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں- عبرانی اخبار ’’معاریف‘‘ کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں مصری وزیر دفاع حسین طنطاری اور وزیر برائے انٹیلی جنس بیورو عمر سلیمان نے واشنگٹن کا خفیہ دورہ کیا- دورے کا مقصد آئندہ ماہ مئی میں صدر بش کی تجویز پر امن کانفرنس کے انعقاد کا تعین کرنا ہے- مصر کی خواہش ہے کہ یہ کانفرنس مصر کے پرفضاء مقام شرم الشیخ کے مقام پر منعقدکی جائے- یہ کانفرنس پانچ ممالک امریکہ، اسرائیل، فلسطینی اتھارٹی، اردن اور مصر کی سربراہی میں منعقد ہو رہی ہے- رپورٹ کے مطابق حال ہی میں امریکی وزیر خارجہ کنڈالیزارائس نے اپنے دورے کے دوران کانفرنس کے حوالے سے اسرائیلی اور مصری حکام سے مذاکرات بھی کیے ہیں- تاہم فی الحال اس کانفرنس کے مقام کا تعین نہیں کیا گیا- توقع ہے کہ یہ کانفرنس شرم الشیخ میں منعقد کی جائے گی- یہ کانفرنس ایسے وقت میں بلائی گئی ہے جب اسرائیل اپنی ساٹھویں سالگرہ منارہا ہے-
‘‘مصر پانچ رکنی امن کانفرنس کے شرم الشیخ میں انعقاد کے لیے سرگرم’’
بدھ 2-اپریل-2008
مختصر لنک: