حماس نے اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کے ساتھ بہیمانہ سلوک اور انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیں اور دنیا کو بتائیں کہ اسرائیلی جیلوں میں قیدیوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جارہا ہے۔
حماس کی طرف سے یہ مطالبہ ہفتے کے روز تشدد کے متاثریں کے کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بین الاقوامی سطح پر منائے جانے والے دن کے موقع پر کیا گیا ہے۔ واضح رہے یہ دن دنیا بھر میں 26 جون کو منایا جاتا ہے۔
فلسطین کی تحریک مزاحمت نے اس دن کی مناسبت سے کہا ہے کہ ”اقوام متحدہ کی طوف سے اس دن کا منایا جانا یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ فلسطینیوں کے ساتھ اسرائیلی جیلوں میں جاری تشدد اور ظلم کی نشاندہی کی جائے اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو بے نقاب کیا جائے۔ ”
واضح رہے ان فلسطینی قیدیوں میں مرد ، عوتین، بچے اور نوجوان ہی نہیں زخمی اور مریض بھی شامل ہیں اور وہ بھی جن کو طویل عرصے سے کسی الزام کے بغیر جیلوں میں بد ترین حالات میں بند رکھا گیا ہے۔ جبکہ ان کے ساتھ روا رکھا جانے والے بد ترین ذہنی و جسمانی تشدد اس کے علاوہ ہے۔
حماس نے عالمی اداروں اور برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی قابض فورسز کو قیدیوں کے ساتھ ان جبری اور غیر انسانی ہتھکندوں سے روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے اور فلسطینیوں کے خلاف بد ترین جرائم کا بھی ارتکاب کر رہا ہے۔”