اسرائیلی قابض فوج نے مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گذشتہ رات اور آج صبح 9 فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔ گرفتار شدگان میں دو بھائی بھی شامل ہیں۔
دو بھائیوں ولید اور عبدالرحمن سالم الخطیب کو اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع قصبہ حزما میں ان کے آبائی گھر پر دھاوا بولنے کے بعد گرفتار کیا۔ دریں اثناء اسرائیلی حکام نے دونوں بھائیوں کی حراست میں اگلے بدھ تک توسیع کر دی ہے۔
اس سے قبل سوموار کی شام، قابض فوج نے بیت المقدس کے شمال میں واقع قلندیا فوجی چوکی پر پانچ فلسطینیوں جمال مقدادی، امیر العموری، محمد حسام زید، احمد کامل مخلوف اور مالک ابوخلیفہ کو حراست میں لے لیا۔ وہ رام اللہ میں الجلزون پناہ گزین کیمپ واپس جا رہے تھے۔
باب حطہ کے قریب ایک نوجوان کو گرفتار اور قریبی حراستی مرکز منتقل کیا گیا۔
ایک اور واقعے میں قابض فوج نے فلسطینی حمیدو الزکاری کو نابلس اور قلقیلیہ کی درمیانی شاہرہ پر گاڑی روک کر دھر لیا، جب کہ شہری حسن عبدالسلام العویوی کو الکرامہ بارڈر کراسنگ پر پکڑا ۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل نے 2510 معاندانہ کارروائیاں کیں جن کے نتیجے میں 13 فلسطینی شہید اور 620 زخمی ہوئے ہیں۔