بیروت کی کمیٹی برائے تحفظِ صحافی (JSC) نے قدس پریس کے صحافی عامر ابو عرفہ کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کا مکمل طور پر ذمہ دار اسرائیلی قابض ریاست کو ٹھہرایا ہے۔ ابو عرفہ کو جسے اسرائیلی فوجیوں نے آج صبح الخلیل شہر میں ان کے گھر سے اغوا کیا ہے۔
فلسطین میں کمیٹی کے رابطہ کار صالح المصری نے ایک بیان میں اسرائیلی عقوبت خانوں سے ابو عرفہ اور دیگر 16 زیرِ حراست صحافیوں کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔
مصری نے کہا: "اسرائیلی سیکورٹی سسٹم کی طرف سے صحافیوں کی بار بار حراست کا مقصد فلسطینی بیانیہ کو دھندلا دینا ہے، اس لیے کہ صحافیوں نے قبضے کے جرائم کو بے نقاب کرنے میں عظیم کردار ادا کیا ہے۔”
انہوں نے صحافیوں کے تحفظ سے متعلق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2222 کے فوری نفاذ پر زور دیا۔ فلسطین میں کام کرنے والے صحافیوں اور میڈیا اداروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے اور اسرائیلی جرائم کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔