مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع کفر عقب قصبے میں آج صبح اسرائیلی خصوصی دستوں نے گھروں پر چھاپے کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے بڑے پیمانے پر دراندازی کی۔ 21 سالہ محمد الشہام کو گھر پر چھاپے کے دوران سر میں گولی ماری گئی۔ قریب ایک گاڑی سے شہید کا رسیوں سے بندھا ہوا جسدِ اطہر ملا جو خوں میں لت پت تھا۔
نوجوان کے والد نے بتایا کہ اسرائیلی پولیس ان کے جواں سال بیٹے کو قتل کرنے کے ارادے سے گھر میں داخل ہوئی تھی۔
یاد رہے، یہ واقعہ بیت المقدس کے قدیمی شہر کے قریب یہودی آباد کاروں پر ایک فلسطینی نوجوان کی فائرنگ کے ایک دن بعد پیش آیا، جس میں نو افراد زخمی ہوئے تھے۔