اسرائیلی قابض فوج نے آج صبح مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین کے مغرب میں واقع کفر دان گاؤں میں گھس کر دو فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کر دیا۔
فلسطینی وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ 22 سالہ محمد سامر حوشیہ سینے میں گولی لگنے سے جبکہ 25 سالہ فؤاد محمد عابد پیٹ اور ران میں گولی لگنے سے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
فوجی چھاپے کے دوران چھ دیگر فلسطینی زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
ظالم اسرائیلی فوجیوں نے رات گئے کفر دان گاؤں پر ایک فوجی بلڈوزر کے ساتھ دھاوا بول کر فلسطینی مکانات کو تباہ کیا۔ مزاحمت پر ایک اسرائیلی فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوا۔
قابض فوج نے دونوں شہداء کے آبائی گھروں کو گھیرے میں لے لیا اور ان کے خاندان کے ایک فرد کو گرفتا ر بھی کیا۔ اس پر پُرتشدد جھڑپیں شروع ہوئیں جو آنسو گیس کے استعمال اور گولہ بارود کی شدید فائرنگ کے درمیان جاری رہیں۔
گزشتہ سال قابض فوج نے 224 فلسطینی شہید کیے جن میں جنین کے شہداء کی تعداد 59تھی۔ رواں سال پہلی شہادتیں جنین میں ہوئی ہیں۔