اسرائیل کی ایک مقامی عدالت نے حراست میں لیے گئے فلسطینی صحافی اور ’’فلسطین الیوم‘‘ ٹیلی ویژن چینل کے نامہ نگار مجاھد السعدی کو 7 ماہ قید اور5000 شیکل جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ امریکی کرنسی میں یہ رقم 1300 ڈالر [ایک لاکھ 30 ہزار روپے] سے زیادہ بنتی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کو اسرائیل کی ایک مقامی عدالت نے حراست میں لیے گئے فلسطنی صحافی السعدی کو سات ماہ قید اور جرمانے کی سزا کا حکم دیا۔ خیال رہے کہ السعدی اس سے قبل 5 سال تک اسرئیلی جیلوں میں قید رہ چکے ہیں۔ انہیں رواں سال 12 جنوری کو ان کے آبائی شہر جنین سے حراست میں لیا تھا۔
خیال رہےکہ اسرائیل کی جیلوں میں قید فلسطینی صحافیوں کی تعداد 19 تک جا پہنچی ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے صحافیوں کو حراست میں لینے اور انہیں قید کی سزائیں سنانے کی صہیونی پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کی سنگین پامالی قرار دیا ہے۔