اسرائیلی جیل میں قید فلسطینی اسیر مجدی یاسین نے قابض اسرائیلی انتظامیہ کے ساتھ اپنی تفتیش کے خاتمے کا معاہدہ طے ہونے کے بعد اپنی بھوک ہڑتال روک دی ہے۔
مجدی کے خاندانی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کو بتایا کہ مجدی یاسین نے 26 اپریل 2016ء کو کرامہ کراسنگ سے اپنی حراست کے فورا بعد شروع کی جانے والی بھوک ہڑتال کو ختم کردیا ہے۔ مجدی کرامہ کراسنگ کے ذریعے سے مقبوضہ مغربی کنارے سے اردن جانے کی کوشش کررہے تھے۔
ان کے خاندان نے مزید بتایا کہ مجدی اردن کے ذریعے سے سویڈن جانا چاہتے تھے، جہاں کی وہ شہریت رکھتے ہیں۔
اس موقع پر فلسطینی اتھارٹی کی کمیٹی برائے اسیران وسابق اسیران نے تصدیق کی ہے کہ 33 سالہ مجدی نے اپنی بھوک ہڑتال کو ختم کردیا ہے۔ اس معاہدے کے بعد مجدی کو بتاح تکفا تفتیشی مرکز سے جیل میں منتقل کردیا جائے گا اور اس کے بعد اگلے منگل کو انہیں عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔