اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں الفوار پناہ گزین کیمپ کے قریب رات کی تاریکی میں روشنی اور آگ پیدا کرنے والے گولے پھینک کر فلسطینی شہریوں کی فصلات کو نذرآتش کر دیا جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کو غیرمعمولی نقصان پہنچا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق صہیونی فوجیوں نے رات کی تاریکی میں الفوار کیمپ کے قریب فلسطینی شہریوں کی فصلوں پر گیس اور روشنی پیدا کرنے والے بم برسائے جس کے نتیجے میں کھیتوں میں آگ بھڑک اٹھی اور فصلیں جل کر راکھ ہوگئیں۔
ادھر یہودی آباد کاروں نے رات گئے جنوبی بیت المقدس میں ایک فلسطینی خاندان کو اس کے گھرمیں گھس کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
قدس پریس کے مطابق یہودی آباد کاروں اور فوجیوں نے مشترکہ کارروائی کے دوران تل ارمیدہ کے مقام پر ریاض ابو ھزاع نامی شہری کے گھرمیں گھس کر خواتین اور بچوں کو زد و کوب کیا۔ یہودی آباد کاروں نے ریاض ھزاع کی اہلیہ کے چہرے پر مرچوں سے ملا پانی پھینکا۔
مقامی فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہودی فوجیوں الفوار کیمپ اور تل ارمیدہ کے مقامات پر فلسطینی کسانوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک شہری بے ہوش ہو گیا۔
اسرائیلی فوج نے ایک دوسری کارروائی میں الخلیل شہر سے انس محمد ابراہیم قفیشہ نامی ایک شہری کو حراست میں لینے کےبعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔