فلسطین میں آج 15 مئی کو قیام اسرائیل کی منحوس یاد کو ’یوم نکبہ‘ کے طور پرمنایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں فلسطین تمام شہروں اور بیرون ملک مقیم فلسطینی یوم نکبہ کی یاد میں تقریبات، جلسے جلوس، سیمینارز اور ریلیاں منعقد کررہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’یوم نکبہ‘ کی مناسبت سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی، مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں نابلس، رام اللہ، الخلیل، بیت لحم، قلقیلیہ، مقبوضہ بیت المقدس ، شمالی اور جنوبی فلسطین اور بیرون ملک مقیم فلسطینی تقریبات منا رہے ہیں۔
فلسطین بھر میں جاری یوم نکبہ کی تقریبات میں 15 مئی سنہ 1948ء کو فلسطین میں قیام اسرائیل کے دوران اور اس کے بعد نہتے فلسطینیوں کے وحشیانہ قتل عام، لاکھوں فلسطینیوں کو ملک سے نکال باہر کرنے، ہنستے بستے شہروں اور قصبوں کو اجاڑنے اور انہیں تاخت وتاراج کرنے کی یاد میں تقریبات شامل ہیں۔ کہیں تو یوم نکبہ کے حوالے سے احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے منعقد ہو رہے ہیں اور کہیں سیمینار اور جلسے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
آج فلسطین میں مقامی وقت کے مطابق دن 12 بجے یوم نکبہ کی یاد میں تمام فلسطینی شہروں میں خطرے کے الارم بجائے گئے۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں’’حق واپسی‘‘ مارچ کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ احتجاجی مارچ میں ایک علامتی سفینہ[جہاز] بنایا گیا جسے ریلی کے آگے آگے رکھا گیا۔ اس کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ فلسطینی قوم اپنے گھر بار سے نکالے گئے باشندوں کی واپسی کے لیے جدو جہد جاری رکھے گی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پوسٹرز اٹھار کھے تھے جن پر جبرا فلسطین سے نکالے گئے فلسطینیوں کی واپسی اور آباد کاری کے حق میں نعرے درج تھے۔
فلسطین کے دوسرے علاقوں بیت لحم اور غزہ کی پٹی میں بھی یوم نکبہ کی یاد میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
غزہ کی پٹی میں نکالے گئے جلوس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حق واپسی کے حق میں نعرے لگائے جب کہ مقررین نے آزادی فلسطین تک مزاحمت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیت لحم میں مقامی فلسطینی تنظیموں نے’یوم نکبہ‘ کی مناسبت سے ’نکبہ ٹرین‘ چلانے کا اعلان کیا ہے۔ فلسطینی شہری ایک لوکل ٹرین کی شکل میں بیت لحم کے الدھیشہ کیمپ سے عایدہ اور عزہ کیمپوں تک جائیں گے اور ٹرین مارچ کریں گے۔