فلسطین کے سرکاری ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کی 41.6 فی صد آبادی پناہ گزین کے طور پر زندگی گذارنے پر مجبور ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غرب اردن کی 26.3 فی صد آبادی پناہ گزین ہے جب کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بحالی پناہ گزین فلسیطن’اونروا‘ کے مطابق غزہ کی پٹی میں 67.7 فی صد فلسطینی پناہ گزین ہیں۔
سنہ 2015ء کے آخر میں جاری کردہ اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طورپر 56 لاکھ فلسطینی اسرائیلی مظالم کی وجہ سے اپنے گھر بار سے دور پناہ گزین کے طور پر رہ رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے پناہ گزین UNHCR کے مطابق غرب اردن میں پناہ گزین کے طورپر زندگی گذارے والے فلسطینیوں کی تعداد 16.5 فی صد ہے جب کہ غزہ کی پٹی میں یہ تعداد 39.6 فی صد بتائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ لبنان میں 8.8 فی صد، شام میں 10.6 فی صد فلسطینی پناہ گزین رہ رہے ہیں۔ فلسطینی پناہ گزینوں میں بے روزگاری کی شرح 32.3 فی صد جب کہ غیر پناہ گزین شہریوں میں بے روزگاری 21.4 فی صد ریکارڈ کی گئی ہے۔ پناہ گزینوں میں 15 سال کی عمر کے افراد کی تعداد 2.9 فی صد اور غیر پناہ گزینوں میں یہ شرح 3.6 فی صد ہے۔ پناہ گزینوں میں 14.3 فی صد افراد گریجویٹ جب کہ غیر پناہ گزین میں یہ شرح 12.1 فی صد ہے۔