اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے واضح کیا ہے کہ صہیونی ریاست کے جرائم کے خلاف فلسطینی قوم کی جدید وسائل کے مطابق مسلح مزاحمت ’ناگزیر‘ ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حسام بدران نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی قوم بہادروں، دلیروں ، شہیدوں اور اسیروں کی وارث قوم ہے۔ ہم شہداء کے خون سے غداری ہرگز نہیں کریں گے۔ اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف فلسطینیوں کو جدید ترین وسائل کے مطابق مسلح جدو جہد کرنے کا بھرپور حق حاصل ہے۔
حماس کے ترجمان نے کل جمعہ کے روز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک فلسطینی لڑکی مجد الخضور کو شہید کئے جانے کی شدید مذمت کی اور کہا الخضور کی شہادت سے واضح ہوگیا ہے کہ فلسطینی قوم کے پاس اسرائیلی دہشت گردی کا مسلح جدو جہد کے ذریعے مقابلہ کرنے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے الخلیل شہر میں کریات اربع کالونی کے قریب اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کرکے ایک فلسطینی لڑکی کو شہید کردیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مجد الخضوری نامی لڑکی نے اپنی کار کی ٹکر سے دو یہودی میاں بیوی کچل ڈالے تھے جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے الخضوری کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔