اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے ترکی کے صدر مقام استنبول میں دو روز قبل ہونے والے خود کش حملوں اور دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ استنبول دھماکے ترکی کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھناؤنی سازش ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ استنبول کے اتاترک ہوائی اڈے پر ہونے والی دہشت گردی مجرمانہ اور انتہائی قابل مذمت واقعہ ہے اوریہ ترکی کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گہری سازش ہے۔
حماس کے ترجمان ڈاکٹر سامی ابو زھری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی جماعت اتا ترک ہوائی اڈے پر دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ترکی کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کرتی ہے۔ اتا ترک ہوائی اڈے پر دھماکے اور خود کش حملے ترکی کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔ ان دھماکوں میں وہ عناصر ملوث ہیں جو ترکی کے عالمی کردار کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرتے ہوئے ترکی کو مسلم امہ کے مسائل کے حل سے روکنے کی سازشیں کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ دو روز قبل ترکی کے استنبول شہرکے اتا ترک ہوائی اڈے پر فائرنگ، بم دھماکوں اور خود کش حملوں میں کم سے کم 38 افراد ہلاک اور دسیوں زخمی ہو گئے تھے۔