فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں ’کریات اربع‘ یہودی کالونی کے قریب ایک فدائی حملے میں ایک صہیونی خاتون ہلاک اور ایک یہودی زخمی ہوا ہے جب کہ اسرائیلی فوج کی جوابی کارروائی میں حملہ آور کو شہید کر دیا گیا ہے۔ شہید فلسطینی نوجوان کی شناخت محمد الطرایرہ کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 19 سال بتائی جاتی ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایک فلسطینی حملہ آور نے جمعرات کو کریات اربع یہودی کالونی میں ’الخاصینا ‘ کے مقام پر ایک خاتون اور یہودی مرد پر چاقو کے مسلسل وار کیے جس کے نتیجے میں خاتون ہلاک اور یہودی آباد کار زخمی ہو گیا۔ قریب کھڑے اسرائیلی فوجیوں نے حملہ آور کو گولیاں مار کر اسے بھی شہید کر دیا ہے۔
ٹی وی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک انیس سالہ فلسطینی نوجوان الخلیل شہر سے یہودی کالونی کریا اربع میں داخل ہونے میں اور یہودی آباد کاروں پر حملوں میں کامیاب ہو گیا تھا۔ اس کے چاقو سے حملے میں ایک یہودی آباد کار خاتون اور ایک مرد زخمی ہوئے، تاہم بعد ازاں خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
اس موقع پر اسرائیلی فوج نے فلسطینی حملہ آور پر گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں موقع پر ہی اس کی موت بھی واقع ہوگئی تھی۔ ادھر فلسطینی وزارت صحت نے شہید فلسطینی کی شناخت محمد ناصر طرایرہ کے نام سے کی ہے جس کی عمر انیس سال بیان کی جاتی ہے۔