جمعه 15/نوامبر/2024

گوگل کا صارفین کو خوفناک سائبر حملوں کا انتباہ

جمعرات 14-جولائی-2016

انٹرنیٹ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ سرچ انجن ’گوگل‘ نے اپنے کروڑوں صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ گوگل اور اس کے دوسرے آن لائن لنکس پر بنے اپنے اکاؤنٹ کا تحفظ یقینی بنائیں کیونکہ گوگل کو حکومتوں کی سطح پر باقاعدہ اور منظم انداز میں سائبر حملوں کے خطرات کا سامنا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گوگل کی ذیلی یونٹ الفابٹ کی عہدیدار اور کمپنی کی ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیان گرین نے ریاست کولوراڈو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی  ہرماہ کم سے کم چار ہزار سائبر حملوں کا سامنا کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوگل صارفین کے اکاؤنٹس پرمنظم انداز میں باقاعدگی کے ساتھ سائبر حملے کئے جاتے ہیں۔ آنے والے دنوں میں سائبر حملوں میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے صارفین کو سائبر حملوں کے خطرات کے حوالے سے فوری طورپر آگاہ کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گوگل بین الاقوامی سرچ انجن میں سب سے مقبول اور عالمی شہرت یافتہ کمپنی ہے جو اپنے صارفین کو موبائل فون پر انڈرویڈ، ای میل اور دیگر اپیلی کیشنز کی سہولت مہیا کرتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ بعض ممالک اور دوسری کمپنیاں گوگل صارفین کی جاسوسی کے لیے ان کے اکاؤنٹس ہیک کرتی ہیں۔

گوگل نے اس سے قبل بھی ایک وارننگ جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ چند ماہ کے دوران لاکھوں صارفین کے اکاؤنٹس پر سائبرحملے کیے گئے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی