جمعه 15/نوامبر/2024

چین میں پانی اور خشکی پر اترنے والا سب سے بڑا جہاز تیار

جمعرات 28-جولائی-2016

چین میں پانی اور خشکی پر اترنے اور ٹیک آف کرنے کی خصوصیات کا حامل سب سے بڑا ہوائی جہاز تیار کیا ہے۔’’اے جی 600‘‘ نامی ہوائی جہاز کی تیاری کے بعد چین اس نوعیت کے طیارے دوسرے ملکوں سے منگوانے کی ضرورت سے بے نیاز ہو گیا ہے۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ AVIC نامی سرکاری طیارہ ساز کمپنی نے کچھ عرصہ قبل AG600 کا ڈیزائن تیار کیا تھا۔ حال ہی میں 23 جولائی کو اس طیارے کی نقاب کشائی کی گئی۔ یہ ہوائی جہاز 4500 کلو میٹرتک سفر کرنے کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ پانی اور خشکی دونوں پر اتر سکتا ہے۔ یہ ہوائی جہاز جنگلات اور دیگر مقامات پر لگی آگ بجھانے اور سمندر میں ریسکیو کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

خبر رساں ایجنسی نے طیارہ ساز کمپنی ے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل گینگ روگوانگ کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ AG600 نامی ریسکیو طیارہ بوئنگ 737 کے برابر ہے۔ سمندر اور خشکی پر اترنے کی صلاحیت کا حامل یہ دنیا کا سب سے بڑا جہاز ہے۔

تاہم اس جہاز کے پر’Wings‘ گذشتہ صدی میں 40 کی دہائی میں تیار ہونے والے H-4 Hercules سے چھوٹے ہیں۔ ہرکولس ہوائی جہاز بھی پانی اور خشکی پر اترنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ یہ طیارہ فوجیوں کی منتقلی کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے۔’’ھوارڈ ھیوز‘‘ نامی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ ہرکولس طیارہ سنہ 1947ء میں ایک ہی بار پانی پر اترا تھا۔

چینی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ AG600 کو ریسکیو مقاصد کے علاوہ ماحولیاتی نگرانی، موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی وسائل کی منتقلی کے عمل میں بھی استعمال کیا جا سکے گا۔ اے جی 600 کی تیاری کے بعد چین کو اس نوعیت کے ہوائی جہاز دوسرے ملکوں سے خرید کرنے کی ضرورت نہیں رہی ہے۔ چین اس طرز کے طیارے دنیا کے دوسرے ملکوں کو فروخت کرے گا۔ AVIC کوAG600 کے مزید 17 جہاز تیارکرنے کے آرڈر موصول ہوئے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی