فلسطین کے مرکزی الیکشن کمیشن نے صہیونی فوج کی جانب سے اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے بلدیاتی مندوب حسین ابو کویک سمیت دیگر رہ نماؤں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئےسیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں پر انتخابات پر اثر انداز ہونے کی مذموم کوشش قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حسین ابو کویک کی گرفتاری فلسطین میں انتخابی عمل میں مداخلت، جمہوری آزادیوں اور فلسطین کے سیاسی عمل پر حملہ ہے۔ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکام نے فلسطینی مرکزی الیکشن کمیشن میں حماس کے مندوب حسین ابو کویک اور کئی دوسرے رہ نماؤں کو حراست میں لے لیا تھا۔
حماس رہ نماؤں اور بلدیاتی نمائندوں کی گرفتاریوں پر فلسطینی سیاسی اور عوامی حلقوں میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ فلسطین الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت اور اس کے نام نہاد سیکیورٹی ادارے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت فلسطین میں بلدیاتی انتخابات کا عمل سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے حسین ابو کویک سمیت تمام گرفتار سیاسی کارکنوں اور بلدیاتی مندوبین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔