جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی عدالت سے گرفتار فلسطینی دوشیزہ کی حراست میں توسیع کا حکم

بدھ 7-ستمبر-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے حال ہی میں گرفتار کی گئی ایک چوبیس سالہ فلسطینی لڑکی سے مزید تفتیش کے لیے اس کی مدت حراست میں توسیع کر دی گئی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حراست میں لی گئی فلسطینی لڑکی کو بیت المقدس میں مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ پولیس نے لڑکی کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم بتایا ہے کہ اس نے عدالت کے روبرو بیان میں اعتراف کیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوجیوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہی تھی۔ اسے گذشتہ سوموار کو مسجد اقصیٰ کے قریب سے حراست میں لیا گیا تھا۔ اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی دوشیزہ کے قبضے سے ایک چاقو برآمد ہوا تھا جس کے بعد اسے گرفتار کیا گیا۔

خیال رہے کہ اسرائیلی بارڈر فورسز نے سوموار کو مسجد اقصیٰ کے داخلی دروازے ’’باب المجلس‘‘ کے سامنے سے ایک فلسطینی لڑکی کو حراست میں لیا تھا جس کے قبضے سے ایک تیز دھار آلہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ لڑکی کو تین بار الخلیل شہر کی متعدد چوکیوں سے حراست میں لیا جا چکا ہے۔ اس پر پہلے بھی چاقو رکھنے کے الزام میں فرد جرم عاید کی گئی تھی۔

مختصر لنک:

کاپی