امام کعبہ اور حرمین شریفین کے امور کے چیئرمین الشیخ عبدالرحمان السدیس نے عالم اسلام پر مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلمان ممالک اور علماء اسلام عوام الناس میں اسلام کا حقیقی شعور بیدار کرنے کی کوشش کریں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق میدان عرفات میں رکن اعظم کی ادائی کے دوران حجاج کرام کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امام کعبہ نے کہا کہ عالم اسلام اس وقت نازک اور مشکل دور سے گذر رہا ہے۔ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسلامی دنیا کو اپنی صفوں میں یکجہتی اور اتحاد کی جتنی اب ضرورت ہے ماضی میں نہ تھی۔ انہوں نے اسلامی دنیا کے ذرائع ابلاغ پر بھی زور دیا کہ وہ دین اسلام کی خدمت اور نصرت اسلام کے لیے اپنی خدمات وقف کریں۔ اسلام کے محاسن کو عام کریں اور سچائی اور کلمہ حق کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
امام کعبہ کا کہنا تھا کہ مسلم امہ کے نوجوانوں پر بھی بھاری ذمہ داریاں عاید ہوتی ہیں۔ نوجوان اس امت کا اہم ترین جزو اور امت کا ستون اور اس کا مستقبل ہیں۔ میں نوجوانوں کو مخاطب کر کے کہتا ہوں کہ وہ برائی کی طرف جانے والے راستے سے اجتناب کریں۔ اللہ کا تقویٰ اختیار کریں اور علم ومعرفت کو اپنا اسلحہ اور زیور بنائیں۔
الشیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ علمائے کرام انبیاء کے وارث ہیں۔ حق بات کہنا اور اس پرقائم رہنا ہی علماء کی شان ہے۔ میں علماء سے کہتا ہوں کہ وہ صرف حق بات کریں اور باطل کو مسترد کر دیں۔ لوگوں میں اسلام اور شریعت مطہرہ کا حقیقی شعور اجاگر کریں۔
خیال رہے کہ پچھلے 35 سال سے میدان عرفات میں حجاج کرام کے سامنے خطبہ حج مفتی اعظم سعودی عرب دیتے رہے ہیں۔ اس بار وہ علیل ہیں اور ان کی جگہ خطبہ جمعہ الشیخ عبدالرحمان السدیس نے دیا ہے۔