امریکا کے عالمی شہرت یافتہ خلائی تحقیقاتی ادارے’ناسا‘ نے سرخ سیارے مریخ کی مزید رنگین تصاویر شائع کی ہیں۔ یہ تصاویر مریخ پر بھیجی گئی ربورٹ گاڑی’مارس روفر‘ کے ذریعے حاصل کی ہیں جو ماضی کی نسبت زیادہ واضح اور رنگین ہیں۔
خیال رہے کہ ’مارس روفر‘ نامی خلائی گاڑی مریخ کی سطح پرخود کار طریقے سے چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس نے حال ہی میں مریخ کی سطح کی چند رنگین تصاویر ارسال کی تھیں۔
ناسا کی ویب سائیٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تازہ تصاویر مریخ کی سطح سے 5.5 کلو میٹر بلند کوہ شارب نامی پہاڑ کے پہلو سے 8 ستمبر کو لی تھیں۔
خلائی سائنسدان اور ناسا سے وابستہ ‘‘اچوین فاسفادا‘‘ کا کہنا ہے کہ مریخ کی تازہ تصاویر کے حصول کا مقصد یہ جاننے کی کوشش کرنا ہے کہ آیا مریخ پر زندگی کے کس حد تک امکانات موجود ہیں۔
دکھائی گئی رنگین تصاویر میں مریخ کی سطح پرزمین جیسے پہاڑ اور پرانی ریت دکھائی دیتی ہے۔ اس کے علاوہ زیریں علاقوں میں بڑے بڑے گڑھے بھی دکھائی دیے گئے ہیں۔
جبل شارب سے تصاویر ارسال کرنے کے بعد خلائی گاڑی مارس روفر وہاں سے مزید بلندی کی طرف روانہ ہو گئی ہے۔