فلسطین میں عیدالاضحٰی کے چوتھے روز بھی مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس کے شہروں میں صہیونی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاؤن جاری رہا، جس کے نتیجے میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔
اسرائیل کے فوجی ریڈیو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کم سے کم پانچ فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔
عبرانی ریڈیو کے مطابق گرفتار کیے جانےوالے فلسطینیوں میں مشتبہ فلسطینی مزاحمت کار بھی شامل ہیں جنہیں تفتیش کے لیے حراستی مراکز لے جایا گیا ہے۔
غرب اردن سے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی طرف سے جمعرات کو دن بھرچھاپوں اور شہریوں کو گھروں میں گھس کر زدو کوب کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ قابض فوجیوں نے گھروں کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کو زد و کوب کیا۔ کئی گھروں میں لوٹ مار کئی اور اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔