اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر فرضی فضائی حملے کیے ہیں۔ اسرائیل کے ایف 16 جنگی طیاروں کی نچلی پروازیں بھی مسلسل جاری ہیں جن کے نتیجے میں مقامی آبادی میں سخت خوف وہراس پایا جا رہا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق منگل کے روز اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کے ساحل اور اندرون غزہ میں مختلف مقامات پر صوتی بم گرائے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے ساحلی علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں۔ جب کہ ایف سولہ جنگی طیاروں کی نچلی پروازوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
صہیونی فوجیوں نے غزہ کی پٹی کی فضاء میں طیاروں کی پروازوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے نتیجے میں شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔
عینی شاہدین نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ انہوں نے مختلف مقامات پر زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں۔ یہ دھماکے صوتی بموں اور بھاری آواز پیدا کرنے والے ہتھیاروں کی تھیں۔
صہیونی ریاست کی صورت حال پر نظر رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ فرضی حملے اسرائیل میں جاری جنگی مشقوں کا حصہ ہیں۔ اسرائیل میں ان دنوں وسیع جنگ کے تناظر میں مشقیں جاری ہیں جن میں صہیونی ریاست کے تمام شعبہ جات حصہ لے رہے ہیں۔