فلسطینی اتھارٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں بیمارفلسطینی قیدیوں کی تعداد بڑھ کر 1800 ہوگئی ہے۔ ان اسیران میں سے 120 افراد کسی ایسے عارضے میں مبتلا ہیں جس میں باقاعدہ میڈیکل چیک اپ کی ضرورت رہتی ہے۔
فلسطینی کمیٹی برائے اسیران نے اسیر منصور مقادہ کے حوالے سے بتایا کہ درجنوں اسیران جان لیوا امراض میں مبتلا ہیں اور اسرائیل کی جانب سے نامناسب طبی سہولیات کی وجہ سے ان کی حالت روز بروز بگڑتی جارہی ہے۔
کمیٹی نے نشاندہی کی کہ بلڈ سیل کینسر اور بون میرو کینسر میں مبتلا اسیر باسم الصالح کو صحت کی شدید خرابی کی وجہ سے بولنے اور سونے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ اسیر حسن القاضی اسرائیلی فوج کی جانب سے کمر اور معدے میں گولیاں لگنے کی وجہ سے شدید کرب میں ہیں۔ اسیر القاضی اسرائیلی ہسپتالوں میں متعدد سرجریوں کے باوجود چلنے کے قابل نہیں ہیں۔ اسیر محمد وحیش کو بھی اسرائیلی گولیاں لگنے کی وجہ سے چوٹیں آئی ہیں جن کا علاج ابھی ہونا باقی ہے۔