فلسطینی مزاحمتی تنظیم ’عوامی مزاحمتی کمیٹیز ‘ کے عسکری ونگ ناصر صلاح الدین نے گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ کی نمائش کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ناصر بریگیڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں رفح کے مقام پر کی گئی نمائش کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ راکٹ کو تنظیم کے شہید کمانڈر ابو عطایا کے نام موسوم کرتے ہوئے اس کا نام ATT رکھا گیا ہے۔ نیز راکٹ کی نمائش تنظیم کے شہید سربراہ جمال ابو سمھدانہ المعروف ابو عطایا کی شہادت کی سالگرہ کے موقع پر کی گئی ہے۔ اور یہ شہید کمانڈر کے نقش قدم پر چلنے کا اعلان ہے۔
ناصر صلاح الدین بریگیڈ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 26 ستمبر کو شہید کمانڈر ابو عطایا کی شہادت کی کی 17 ویں سالگرہ ہے۔ اس موقع پر تنظیم نے اپنے کمانڈر کی روح کو تسکین پہنچانے کے لیے طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ کی نمائش کا اہتمام کیا ہے۔
کئی کلو میٹر دور تک مار کرنے والے راکٹ AAT کی نمائش رفح اور خان یونس کے مقامات پر کی گئی جہاں شہریوں کی بڑی تعداد راکٹ دیکھنے کے لیے موجود تھی۔ راکٹ کو گاڑیوں پر لاد کر خان یونس کی سڑکوں پر گھمایا گیا۔
اس موقع پر فلسطینی تنظیم ناصر صلاح الدین بریگیڈ کے رہ نما اور دیگر عسکری گروپوں کے قایدین بھی موجود تھے۔
تنظیم کے رہ نماؤں نے کہا کہ راکٹ کی نمائش محض فرضی نہیں بلکہ وہ راکٹ کے ذریعے قابض صہیونی دشمن کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ فلسطینی مجاھدین اپنے اور پوری قوم کے دفاع سے غافل نہیں بلکہ دشمن کی ہرطرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے جدید جنگی آلات کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔