سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائیٹ ’فیس بک‘ کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف تعصب پر مبنی پالیسی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے کی تازہ کڑی فلسطینی خبر رساں ایجنسی’صفا‘ کے آفیشل فیس بک صفحے کی بندش ہے۔ فیس بک اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کے بعد کسی فلسطینی خبر رساں ادارے کا آفیشل بند کرنے کا یہ پہلا موقع ہے۔ فلسطینی سماجی کارکنوں نے اسے فیس بک انتظامیہ کا فلسطینی قوم پر ایک نیا ’وار‘ قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق’صفا‘ ںیوز ایجنسی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ فیس بک انتظامیہ نے وجہ بتائے بغیر ایجنسی کا آٖفیشل پیج بلاک کردیا ہے۔ حالانکہ نیوز ایجنسی کے پیج کو 11 لاکھ افراد نے لائیک کیا تھا اور اس کے سوشل نیٹک ورکنگ صفحے پر تواتر کے ساتھ خبریں نشر کی جا رہی ہیں۔ جن میں فلسطین کے علاوہ عرب ممالک، عالمی اور علاقائی خبریں، صحت، ثقافت ، کھیلوں اور ٹیکنالوجی کی خبریں بھی بہ کثرت شائع کی جا رہی تھیں۔
صفا نیوز ایجنسی نے فیس بک انتظامیہ کی طرف سے فیس بک پیج بلاک کیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے فیس بک کی صہیونیت نوازی اور فلسطینیوں سے تعصب کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔