یورپی یونین نے لبنان میں قائم سب سے بڑے فلسطینی پناہ گزین کیمپ ’’نہر البارد‘‘ کی تعمیر نو اور مہاجرین کی فلاح وبہبود کے لیے 12 ملین یورو کی اضافی امدادی رقم مختص کی ہے، جس کے بعد نہر البارد کیمپ کے لیے مختص کی گئی رقم 24 ملین یورو تک جا پہنچی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق لبنان میں فلسطینی مہاجر کیمپ کی تعمیرنو اور بحالی کے لیے یورپی یونین کی طرف سے اضافی رقم اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’اونروا‘ کی مساعی کا نتیجہ ہے۔ فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے یہ ادارہ اندرون اور بیرون ملک سرگرم ہے۔
کچھ عرصہ قبل اونروا کی طرف سے یورپی یونین کو ایک درخواست دی گئی تھی جس میں اپیل کی گئی تھی یونین لبنان میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپ ’نہر البارد‘ کی تعمیر نو میں اضافی امداد فراہم کرے۔
اضافی امدادی رقم سے پناہ گزین کیمپ میں مقیم 400 خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ 87 تجارتی یونٹس بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ اس سے قبل یورپی یونین کی طرف سے فراہم کردہ امداد سے 68 مکانات کی تعمیر اور 350 فلسطینی پناہ گزین خاندانوں کے لیے ریلیف کا اعلان کیا گیا تھا۔
لبنان میں یورپی یونین کی ہائی کمیشنر کریسٹینا لاسن نے ایک بیان میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم یورپی یونین کے رکن ملکوں سے فلسطینی پناہ گزین کیمپ کی تعمیر نو اور پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے 12 ملین یورو کی اضافی رقم کی منظوری میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سنہ 2007ء میں پناہ گزین کیمپ نہر البارد میں پیدا ہونے والے انتشار کےبعد اس سے متاثرہ افراد کی بحالی میں مدد ملے گی۔