فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں جمعہ کے روز قابض صہیونی فوج نے وحشیانہ کریک ڈاؤن کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقاممات پر منتقل کردیا ہے۔ گرفتار کیے جانے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ ادھر مقبوضہ غرب اردن کے شہرجنین میں قباطیہ کے مقام پر فلسطینیوں سے مسلح جھڑپ میں دو اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں عسکرکیمپ کے قریب فوجی چوکی پر فائرنگ بھی کی گئی ہے۔
اسرائیلی ریڈیو کی جانب سے نشر کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن سے گرفتار کئے فلسطینیوں کی تعداد 6 ہے، ان میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے کارکن بھی شامل ہیں۔
ریڈیو رپورٹ کے مطابق گرفتار کیے گئے فلسطینیوں کو تفتیش کے لیے انٹیلی جنس ادارے شاباک کے مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔
جنین میں مسلح جھڑپ
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں قباطیہ کے مقام پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوجیوں کے مابین مسلح جھڑپ ہوئی۔ یہ جھڑپ اس وقت ہوئی جب صہیونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے ایک ھجوم پر آنسوگیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں سے نشانہ بنایا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق جنین میں قباطیہ کے مقام پر فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ فائرنگ اس وقت کی گئی جب صہیونی فوج نے مقامی شہریوں کو کرفیو لگا کر گھروں میں بندکرنے کی کوشش کی تو شہری صہیونی فوج کی کارروائیوں کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ مشتعل فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فورسز پر سنگ باری بھی کی۔ فلسطینیوں کے پرتشدد مظاہرے کے بعد صہیونی فوجی وہاں سے نکل گئے۔
ادھر غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں عسکر پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے دھاوا بولا اور گھر گھر تلاشی کی مہم چلائی گئی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ عسکر کیمپ میں تلاشی کے دوران فوجیوں پر فائرنگ کی گئی تھی۔ نابلس میں صہیونی فوجیوں نے تلاشی کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد حراستی مراکز منتقل کردیا ہے۔
ادھر رام اللہ میں تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران 15 سالہ بچے مہدی الشیخ کو حراست میں لے لیا گیا۔ اسرائیلی فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی لڑکی کی گرفتاری اس وقت عمل میں لائی گئی جب اس کی تلاشی لی گئی تو قبضے سے ایک چاقو برآمد کیا گیا۔