فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس نے فلسطینی فٹ بال ٹیم ’’ہلال القدس‘‘ کے کوچ ماھر ابو سنینہ کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ اسرائیلی پولیس نے الزام عاید کیا ہے کہ ابو سنینہ کی گرفتاری اس لیے عمل میں لائی گئی ہے کیونکہ انہوں نے شہید فلسطینی مصباح ابو صبیح کی تصویر کے سامنے کھڑے ہو کراپنی ایک تصویر بنائی تھی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی پولیس نے پرانے بیت المقدس شہر سے 55 سالہ فلسطینی فٹ بال کوچ ماھر ابو سنینہ کو اس کے گھر سے حراست میں لیا۔
لیجنڈ فلسطینی کھلاڑی پر شہید فلسطینی مصباح ابو صبیح کے پوسٹر کے ساتھ اپنی تصویر بنانے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ مصباح ابو صبیح نے رواں ماہ [اکتوبر] کی 9 تاریخ کو بیت المقدس میں ایک فدائی حملے کے دوران دو صہیونیوں کو ہلاک اور چھ کو زخمی کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔ فلسطینی فٹ بال کھلاڑی مابر ابو سنینہ نے شہید فلسطینی کی تصویر کے ساتھ اپنی تصویر بنانے کے بعد اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا تھا۔