شنبه 16/نوامبر/2024

اسرائیلی جیلوں میں دو فلسطینی اسیران کی 15 دن سے بھوک ہڑتال جاری

جمعرات 20-اکتوبر-2016

قابض صہیونی فوج کی جانب سے انتظامی قید میں ڈالے گئے دو فلسطینی اسیران مجد ابو شملہ اور حسن ربایعہ نے بلا جواز انتظامی حراست کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔ دونوں بھوک ہڑتالی اسیران کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر جنین کے میثلون اور یعبد قصبے سے ہے اور وہ گذشتہ 15 دن سے مسلسل بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسیر ابو شملہ کے والد نے بدھ کے روز بتایا کہ اس کا بیٹا اسرائیل کے جزیرہ نما النقب کی جیل میں قید ہے۔ صہیونی فوج نے بھوک ہڑتال ختم کرانے کے لیے اس پر طرح طرح کے تشدد کے حربے بھی آزمائے ہیں مگر اس کے باوجود وہ بھوک ہڑتال جاری رکھنے پر پرعزم ہے۔ مجد ابو شملہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ صہیونی ریاست کے ہرطرح کا جبرو تشدد برداشت کرے گا مگر رہائی تک بھوک ہڑتال جاری رکھے گا۔

ادھر دوسری جانب فلسطینی محکمہ امور اسیران کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ انتظامی حراست کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے والے قیدی مجد ابو شملہ اور حسین ربایعہ کی ہڑتال کو دو ہفتے مکمل ہوچکے ہیں۔  دونوں اسیران جزیرہ نما النقب کی جیل میں بدترین حالات میں قید تنہائی کا شکار ہیں۔

خیال رہے کہ حسین ربایعہ کو اسرائیلی فوج نے پانچ ماہ کے لیے انتظامی قید میں ڈالا تھا۔ اس نے قید میں دوسری بار توسیع کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا تھا۔ جب کہ مجد ابو شملہ کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی جس کے خلاف اس نے بھوک ہڑتال شروع کر دی تھی۔

مختصر لنک:

کاپی