فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام جیلوں میں سیاسی بنیادوں پر ڈالے گئے پانچ فلسطینی قیدیوں نے بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ عباس ملیشیا کی قید میں موجود پانچ سیاسی کارکنوں عبادہ مرعی، مجد عراوی، احمد الزغیر، فارس الجبور اور قتیبہ عازم کئی روز سے بلا جواز حراست کے خلاف بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حماس کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں میں سیاسی کارکن بھوک ہڑتال جیسے سخت اقدام پر اس لیے مجبور ہوئے ہیں کہ عباس ملیشیا ان کے بنیادی حقوق کی کھلے عام پامالی کی مرتکب ہو رہی ہے۔
ادھر سیاسی کارکن اور بھوک ہڑتالی اسیر احمد الزغیر کی والدہ امل الجعبہ نے بتایا کہ اس کا 19 سالہ بیٹا پچھلے چھ دن سےفلسطینی اتھارٹی کے انٹیلی جنس حکام کی حراست میں ہے جہاں اس نے اپنی بلا جواز حراست اور وحشیانہ تشدد کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔
حماس کی جانب سے فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں میں سیاسی کارکنوں کو قید کرنے کی پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام سیاسی کارکنان کی فوری اور باعزت رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔