فلسطینی محکمہ امور اسیران کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی جیلوں میں قید سات فلسطینیوں نے بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کو موصلہ فلسطینی محکمہ امور اسیران کے بیان کی نقل میں کہا گیا ہے کہ بھوک ہڑتال کرنے والوں میں پہلا نام اسیر انس شدید کا ہے۔ وہ 25 ستمبر سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایک ماہ سے زاید عرصہ گذرجانے کے بعد بھی وہ اسرائیل کے الرملہ اسپتال میں بھوک ہڑتال کے عزم پرقائم ہیں۔
بھوک ہڑتالی اسیران میں احمد ابو فارہ کا تعلق الخلیل شہر سے ہے۔ وہ 29 ستمبر سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مجد ابو شملہ کا تعلق جنین سے ہے اور ان کی بھوک ہڑتال 4 اکتوبر سے جاری ہے۔ وہ اس وقت بئر سبع میں قائم ’’ایلا‘‘ نامی جیل میں قید تنہائی کا شکار ہیں۔
اسیر حسن ربایعہ نے بھی 4 اکتوبر کو بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ وہ بھی ’’ایلا‘‘ جیل میں قید تنہائی میں پابند سلاسل ہیں۔ بھوک ہڑتال کرنے والے پانچویں اسیر الخلیل کے رہائشی مصعب مناصرہ ہیں۔ انہوں نے 25 اکتوبر کو بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ وہ اس وقت جزیرہ نما النقب کی جیل میں قید ہیں۔
اسیر سامر العیساوی بیت المقدس کے رہائشی ہیں اور وہ 25 اکتوبر سے بھوک ہڑتال پر ہیں جبکہ اسیر منذر صنوبر بھی پچیس اکتوبر سے انتظامی حراست کے خلاف بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔