جمعه 15/نوامبر/2024

غرب اردن میں اسرائیلی فوج کا کریک ڈاؤن، شہید کے اہل خانہ بھی زیرحراست

منگل 1-نومبر-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں قابض اسرائیلی فورسز کی جانب سے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کے روز علی الصباح کیے گئے کریک ڈاؤن کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

مرکزطلاعات فلسطین کے مطابق منگل کو قابض صہیونی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں تلفیت کے مقام پر تلاشی کے دوران تین فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

پی آئی سی کے نامہ نگار کے مطابق صہیونی فوج نے 12 گاڑیوں کے ہمراہ رات اڑھائی بجے تلفیت پر دھاوا بولا اور سوئے ہوئے شہریوں کو زدو کوب کیا۔ صہیونی فوج نے نابلس میں البیادر، الفریز، العین، المراح اور الحارہ القدیمہ کے مقام پر گھروں میں گھس کر فلسطینی بچوں اور عورتوں کو زد و کوب کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نابلس سے اسرائیلی فوج نے تلاشی کی کارروائی کے دوران تین فلسطینیوں 29 سالہ عبدالرحمان، محمد فوزی الحاج محمد اور 29 سالہ محمود جبرالحاج محمد کو حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی فوج نے ان فلسطینیوں کے گھر میں گھس کر توڑپھوڑ بھی کی۔

قابض فوج نے اسی علاقے میں ایک دوسرے فلسطینی 40 سالہ نبیل جبر الحاج کے بھائی احمد جبر الحاج کے گھر میں گھس کر بھی توڑپھوڑ کی۔

شمالی غرب اردن میں طوباس کے مقام پر بھی اسرائیلی فوج نے تلاشی کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ قابض فوج نے طوباس سے چار شہریوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کی شناخت مصعب ناصر دراغمہ، فائز فواز دراغمہ، ایھم یوسف دراغمہ اور عماد دراغمہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جنین شہر میں گذشتہ روز شہید ہونے والے فلسطینی محمد عبدالخالق ترکمان کے گھر پرچھاپہ مارا اور شہید کے اہل خانہ کو زدو کوب کرنے کے بعد متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز ایک فدائی حملے میں شہید ہونے والے فلسطینی کے گھر پر اسرائیلی فوج نے دھاوا بولا اور گھر میں گھس کرقیمتی سامان کی توڑُپھوڑ کی۔ بعد ازاں قابض فوج نے شہید کے والد اور تین بھائیوں کو حراست میں لے لیا۔ صہیونی فوج نے دھمکی دی کہ وہ جلد ہی شہید کے مکان کو بھی مسمار کردیں گے۔

مختصر لنک:

کاپی